یوم پاکستان 23مارچ وطن کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ثقلین سیدہ سفیر پاکستان جرمنی
منور علی شاہد (بیورو چیف جرمنی) پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح جرمنی میں بھی پاکستان کا چوراسی واں یوم پاکستان ملی و قومی جذبہ سے منایا گیا۔اس حوالے سے برلن میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک پروقار تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ پاکستانی طلباء ، سفارت خانے کے سٹاف اور جرمن شہریوں نے شرکت کی ۔ سفارتخانہ کی پریس قونصلر کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ہم وطنوں اور معزز مہمانوں کی موجودگی میں قومی ترانہ کی دھن پر پاکستانی خاتون سفیر نے ہلالی پرچم لہرایا ۔اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ پریس نوٹ کے مطابق اس موقع پر ثقلین سیدہ سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپنا ہلالی پرچم لہراتے ہیں تو ہمیں اپنے تمام تر اختلافات بھلا کر مادر وطن کی خدمت کرنے کا اعادہ کرنا چاہیے ۔ہم نے اسی دن کے لیے طویل جدو جہد کے بعد پاکستان حاصل کیا تھا تاکہ ہم آزادنہ طور پر اپنی زندگیاں گزار سکیں۔ سفیر محترمہ نے مزید کہا کہ” پاکستان امن اور انسانیت کے احترام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کیے اپنے وعدوں پر قائم ہے”۔ انہوں نے بیرون ممالک میں مقیم کمیونٹی ممبران کے کردار کو سراہا ۔سفیر پاکستان نے کمیونٹی پُرزور دیا کہ وہ بانی پاکستان کے اتحاد ،ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پر عملدرآمد کرنے کی پوری کوشش کریں تاکہ موجودہ چیلنجر سے نمٹا جاسکے