مائیکرو سافٹ کے بانی کو اس میدان میں اسپین سے تعلق رکھنے والے امانسیو اورٹیگا نے شکست دی ہے۔
امریکی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق امانسیو اورٹیگا کے اثاثوں کی مالیت 78 ارب ڈالرز ہے جبکہ بل گیٹس اس وقت 77.4 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔
80 سالہ امانسیو اورٹیگا ایک ریلوے ورکر کے بیٹے تھے اور انہوں نے ایک کپڑے کی دکان پر کام کرنے کے لیے تیرہ سال کی عمر میں اسکول چھوڑنا پڑا تھا۔
انہوں نے ایک کمرے میں مقبول فیشن کمپنی زارا کی بنیاد اپنی سابقہ اہلیہ روسیلا معرا کے ساتھ مل کر رکھی تھی۔
اگرچہ وہ اب دنیا کے امیر ترین شخص ہیں مگر ان کا طرز زندگی انتہائی سادہ ہے اور وہ اپنے دفتر میں اسٹاف کینٹین میں عام عملے کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں۔
اسی طرح ان کے لباس بھی انتہائی سادہ ہوتے ہیں اور لگتا ہی نہیں کہ وہ ایک فیشن کمپنی کے چیئرمین ہیں۔
امانسیو اورٹیگا اس سے پہلے بھی کئی بار بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بنے مگر ایسا بہت کم عرصے کے لیے ہوتا ہے۔
دوسری جانب بل گیٹس ایسے شخص ہیں جو امیر ترین تو ہیں مگر ان کے بچوں کو وراثت میں ان کی دولت میں بہت کم حصہ ملے گا اور باقی اثاثے فلاحی کاموں کے لیے صرف ہوں گے۔
بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ان کے بچے اپنی زندگی کا راستہ خود بنائیں گے۔