پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ملک میں آکسیجن کی کل پیداوار کا 75 فیصد سے زائد صحت کے شعبے کے لیے مختص ہے، ملک میں اس وقت کورونا کی تیسری لہر جاری ہے ، جو پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک ہے۔راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وبا کی شدت اور تیز رفتار پھیلاؤ سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر کورونا کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو انڈسٹری کے لیے مختص آکسیجن بھی صحت کے شعبے کےلیے دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی زیادہ شرح والے علاقوں میں پاکستان آرمی کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں شرح اموات بڑھ کر 2.16 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، ملک بھر میں پاکستان آرمی کو ارٹیکل 245 کے تحت سول اداروں کی معاونت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کے 90ہزار کیسز موجود ہیں، ملک کے 16شہروں میں کورونا کیسز کی شرح بہت زیادہ ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 16 شہروں میں پاک فوج کی تعیناتی کردی ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ملک بھر میں 570افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں، 4300 کی حالت نازک ہے، کچھ اسپتالوں میں 90 فیصد سے زائد وینٹی لیٹرز بھر ے ہوئے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان آرمی آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کیلیے طلب کیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ گھروں، مساجد اور تمام مقامات پر حفاظتی تدابیر پر عمل کرکے ہم ایک دوسرے کی مدد کرسکتے ہیں، بحیثیت قوم ہمیں پہلے سے بھی زیادہ احتیاط کرنا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تمام صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی میٹنگز ہفتے میں ایک دن ہوں گی، ہم سب کو مل کر اجتماعی اور انفرادی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بحیثیٹ قوم پہلے سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ہی اس وبا کے خلاف موثر رسپانس ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں احساس اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے ،پاکستان فوج نے اس بار بھی انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک کے 51 شہروں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5فیصد سے زیادہ ہے، خیبر پختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، چار سدہ، صوابی میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پنجاب میں راولپنڈی،فیصل آباد، ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور میں کیسز زیادہ ہیں، سندھ میں کراچی،حیدر آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد زیادہ ہیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان میں کوئٹہ،آزاد کشمیر میں مظفرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے۔