اسلام آباد: برطانوی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سر مارک لیال گرانٹ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر سینئر حکومتی و عسکری عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔مارک گرانٹ نے وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف سے ملاقات کی جبکہ اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازع ہے جبکہ اس کے حل سے خطے میں دیر پا امن یقینی بنایا جاسکتا ہے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے اور یہ حق کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں دیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے برطانوی قومی سلامتی کے مشیر کو بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں اب تک 100 سے زیادہ بے گناہ کشمیری ہلاک، ہزاروں زخمی اور سیکڑوں پیلیٹ گنز کے چھرے لگنے سے بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔سر گرانٹ نے اس موقع پر پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے خوشگوار حوالے سے پاکستان کی پالیسی کی تعریف کی۔انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ ’ہم پڑوسی ممالک سے پر امن شراکت داری کی کی پاکستان کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اس کی حمایت بھی کرتے ہیں‘۔برطانوی سیکیورٹی ایڈوائزر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی خراج عقیدت پیش کیا اور اس جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سیاسی حکومت اور مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم اور پاکستانی عوام کے بھرپور تعاون کی مرہون منت ہے۔بعد ازاں سر گرانٹ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ملاقات میں سر گرانٹ کو دہشت گردی کے خلاف شروع کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔سر گرانٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔علاوہ ازیں برطانوی سلامتی کے مشیر نے وزیر داخلہ چوہدری نثار اور قومی سلامتی کے مشیر لیٖفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ناصر جنجوعہ اور سر گرانٹ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے کے اسٹریٹجک استحکام کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔ناصر جنجوعہ نے اس موقع پر پاکستان کی ’پر امن پڑوسی‘ کی پالیسی پر روشنی ڈالی اور پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
Tags current affairs paikstan
Check Also
حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ
حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …