پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ڈان کے صحافی سرل المائڈا کا نام ڈان اخبار پر شائع ہونے والی خبر کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ کہ کسی کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے سے پہلے تحقیقات کی جاتی ہیں۔ ڈان کے صحافی سرل المائڈا کے بارے میں چوہدری نثار نے کہا کہ اس انگریزی اخبار کی خبر سے متعلق صحافی نے خود رپورٹ میں لکھا کہ سب نے خبر کی تردید کی ہے،’’اس خبر نے پاکستان کے دشمنوں کو ہم پر انگلیاں اٹھانے کا موقع دیا ہے۔‘‘ چوہدری نثار نے بتایا کہ اجلاس میں وہ خود، وزیراعظم اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھی موجود تھے۔
پاکستان کے انگریزی اخبار ڈان نے چھ اکتوبر کو سرل المائڈا کا مضمون شائع کیا تھا جس میں پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے درمیان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر اختلافات کے بارے میں رپورٹ کیا گیا تھا۔ پاکستانی حکومت تین مرتبہ اس کہانی کی تردید کر چکی ہے۔ اس کہانی کے منظر عام پر آنے کے بعد سرل المائڈا کا نام حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کو صحافتی حلقے میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔