،کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،محمد نواز شریف
جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا، وزیر اعظم
امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے،کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بربریت ناقابل قبول ہے
وزیراعظم محمد نواز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
اجلاس میں شہید فوجیوں کے لئے فاتحہ خوانی ،اقوام متحدہ کمشنر برائے انسانی حقوق کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ میشن بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم
اسلام آباد ۔ 30 ستمبر،وزیراعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ کسی جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امن کیلئے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجود صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی توانائیاں عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اورعوامی ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنا ہمارا عزم ہے جس کےلئے ہم سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مقاصد کے لئے امن چاہتے ہیں لیکن میں یہ بھی واضح کردوں کہ دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بربریت اورجارحیت ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کسی بھی بھارتی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم میں متحدہ ہیں کابینہ نے وزیر اعظم کے ہمراہ یک آواز ہوکر بھارت کے ”سرجیکل سٹرائیک “ کے دعووں کا یکسر مسترد کر دیا ۔ بھارتی قابض افواج نے دوطرفہ انتظامات اور بین الاقوامی قانون کے تحت بھارت کے وعدوں کی مکمل خلاف ورزی کر تے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی ۔کابینہ نے بھارتی حارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر اور غیور جوانوں کو سراہا ۔ کابینہ نے دو فوجی اہلکاروں کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے اہل خانہ سے ہمدردی ظاہر کی ۔ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل شہادتوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ بھارتی قابض افواج نے بچوں ، خواتین اور بزرگوں سمیت 110سے زائد بے گناہ شہریوں کو شہید کیا ہے ۔کابینہ نے کشمیری عوام کی جرات ، عزم اور حوصلے کو سراہا جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں ۔کابینہ نے بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کی اقوام متحدہ کے تحت آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا ، اجلاس نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ، کابینہ نے اقوام متحدہ کشمنر برائے انسانی حقوق کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ میشن بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ،کابینہ نے جموں کشمیر کے عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا ، کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وحشیانہ مظالم ، زیادتیوں اور ریاستی دہشتگردی کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے رہنے کا بھی فیصلہ کیا، کابینہ نے بھارتی قیادت کے کسی ثبوت کے بغیر اوڑی واقعہ کا پاکستان پر الزام عائد کرنے کے اشتعال انگیز بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جھوٹے بھارتی الزامات کو یکسر ردکر دیا، بھارتی بیانات اور اقدامات کا مقصد بین الاقوامی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سے ہٹانا ہے ، کابینہ نے نوٹ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات نے پاکستان میں تخریبی اور دہشت گرد سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے تازہ ثبوت فراہم کئے ہیں جو اقوام متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ امن کیلئے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
Home / Pakistan / ،کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،محمد نواز شریف
Tags current affairs Nawaz Sharif
Check Also
حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ
حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …