امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر برلنگٹن میں ایک شاپنگ مال میں مسلح شخص کی فائرنگ سے چار خواتین ہلاک جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس فائرنگ کے بعد جائے واردات سے فرار ہونے والے حملہ آور کی تلاش میں ہے۔
نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کی امریکی شہر سیاٹل سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جمعے کی شب ایک مسلح شخص نے برلنگٹن کے مصروف شاپنگ مال میں فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چار خواتین ہلاک جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد جائے واردات سے فرار ہو گیا۔ واشنگٹن سٹیٹ پیٹرول کے ترجمان سارجنٹ مارک فرانسس نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس کو ایک ہسپانوی شخص کی تلاش ہے جسے فائرنگ کے بعد شاپنگ مال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ رائفل سے مسلح اور سیاہ لباس میں ملبوس اس مشتبہ حملہ آور کو سی سی کیمروں کی فوٹیج میں قریبی موٹر وے ’انٹر اسٹیٹ فائیو‘ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
حکام نے ابھی تک اس حملے کے محرکات کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔ پولیس ترجمان فرانسس کا کہنا تھا، ’’ہم ابھی تک حملہ آور کی تلاش میں ہیں۔ براہ مہربانی اپنی حفاظت کی خاطر گھروں سے باہر مت نکلیے۔‘‘
ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ تین خواتین ہلاک ہوئی ہیں جب کہ ایک مرد شدید زخمی ہوا ہے۔ فائرنگ کے اس خونریز واقعے میں ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے زخمی خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چار خواتین ہلاک ہوئی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملے کے فوراﹰ بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں شاپنگ مال پہنچ گئیں جس کے بعد مال کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
مال میں واقعہ ایک اطالوی ریسٹورینٹ کی مینیجر سٹیفنی بُوزے کا کہنا تھا کہ انہوں نے فائرنگ کے فوراﹰ بعد ریسٹورینٹ کے دروازے مقفل کر دیے تھے۔ بُوزے کا کہنا تھا، ’’وہ (مسلح شخص) مال میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور لوگ خوف سے چیخ رہے تھے۔ یہ بہت ہی بھیانک منظر تھا۔‘‘
گزشتہ ہفتے بھی امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو سے وار کر کے دس افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ ظاہر احمد عدن نامی ایک بیس سالہ شخص نے کیا تھا جسے شاپنگ مال میں موجود ایک پولیس افسر نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔