آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعلان کیا ہے مادر وطن کے چپے چپے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
کھاریاں: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کھاریاں کا دورہ کیا اور سینٹر کو مزید جدید بنانے کے حوالے سے سہولیات کا افتتاح کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بھرپور طور پر تیار ہے۔ پوری قوم اور مادر وطن کے چپے چپے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے۔ پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ تاہم مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عوام کے عزم نے دہشت گردی ختم اور صورتحال بہتر بنا دی ہے۔