Breaking News
Home / Pakistan / پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ایجنڈا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف

پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ایجنڈا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف

پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اولین ایجنڈا ہے، کچھ لوگ ترقیاتی ایجنڈے کو روکنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے، عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہ ترقی کے ایجنڈے کو روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے
وزیراعظم محمد نواز شریف کا سانگلہ ہل انٹرچینج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب
سانگلہ ہل ۔ 11 نومبر ، وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا اولین ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ ترقیاتی ایجنڈے کو روکنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے، ایسے لوگوں کا ایجنڈا ناکام اور ہمارا کامیاب ہو کر رہے گا، عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہ ترقی کے ایجنڈے کو روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔ وہ جمعہ کی سہ پہر یہاں فیصل آباد۔ پنڈی بھٹیاں موٹروے پر سانگلہ ہل انٹرچینج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سانگلہ ہل کےلئے گیس کی فراہمی، ننکانہ صاحب میں 250 بستروں کے ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھنے، فیصل آباد ساہیانوالہ ایکسپریس وے کی تعمیر اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 کے دیہات کو سوئی گیس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر‘ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد‘ رکن قومی اسمبلی عرفان ڈوگر‘ افضل تارڑ سمیت علاقہ کی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو صحت و تعلیم سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت آنے والا ہے کہ انشاءاللہ گھر گھر بجلی اور گیس ہوگی، موٹرویز بنیں گی، اجناس کی پیداوار زیادہ اور منڈیوں تک تیزی سے رسائی ہو گی جس سے کسان کو ہر چیز کی قیمت اچھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب بجلی سستی ہوگی، جب بجلی سستی ہوگی تو اس کا براہ راست فائدہ پاکستان کے عوام، کاشتکاروں، صنعتکاروں اور نوجوانوں کو ہوگا، گھروں میں چولہے جلیں گے اور ترقی و خوشحالی گھروں پر دستک دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تین سال پہلے والا پاکستان دیکھیں اور آج کا پاکستان دیکھیں تو واضح فرق نظر آئے گا، پاکستان سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، چھوٹے چھوٹے گھروں میں رہنے والوں کے گھروں میں خوشحالی آئے گی، پاکستان سے غربت اور جہالت کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام ہی درحقیقت پاکستان کی ترقی ہے، اس ترقی کو کچھ لوگ روکنا چاہتے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے، ان لوگوں نے ہمیشہ ہمارے ترقی کے منصوبوں کی مخالفت کی لیکن ہمارا ایجنڈا نہیں رکا، عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ترقی کے ایجنڈے کو روکنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے منصوبوں پر کام جاری ہے، موٹرویز اور شاہراہیں تعمیر ہو رہی ہیں، 2018ءتک ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی، اس کو ترقی کہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو پوچھنا چاہئے کہ وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے بجلی کے مسائل پیدا کئے اور آج کون ترقی کا راستہ روک رہے ہیں، یہ عناصر چاہتے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ ختم اور بجلی سستی نہ ہو لیکن انہوں نے واضح کیا کہ ایسے لوگوں کا ایجنڈا ناکام اور ہمارا کامیاب ہو کر رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کا نقشہ بدل رہا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ سے نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے خیبرپختونخوا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے اس صوبہ میں کچھ نہیں کر رہے ہیں، نیا پاکستان کوئی اور نہیں ہم بنا رہے ہیں، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہم نے کیا ہے، کراچی میں امن و امان کی بہتری ہمارے دور میں ہوئی، دنیا پاکستان کے ترقی کے سفر کا اعتراف کرتی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے 2013ءمیں وعدہ کیا تھا کہ جب ہماری حکومت بنے گی تو سانگلہ ہل انٹرچینج تعمیر کریں گے اور آج اﷲ کے کرم سے انٹرچینج بن چکا ہے، اس حوالہ سے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ہم جو بھی وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانگلہ کے عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں اور نواز شریف بھی سانگلہ ہل کے عوام سے بہت محبت کرتا ہے۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ اس انٹرچینج سے سانگلہ ہل سے لاہور کا سفر بہت کم ہو جائے گا، اب ڈیڑھ گھنٹے میں لاہور پہنچیں گے، اس سے پہلے اڑھائی گھنٹے کا سفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی کا منصوبہ ایک بڑا منصوبہ ہے، بہت جلد سانگلہ ہل کے ہر گھر میں گیس آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانگلہ ہل میں یونیورسٹی بھی بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم سب جانتی ہے کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا اور ہم کیا کر رہے ہیں، ہم نے موٹروے بنائی، پہلی مرتبہ لاہور سے موٹروے کراچی جا رہی ہے، ریلوے اور پی آئی اے بھی بہتر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں تو حاجیوں کے پیسے بھی کھائے گئے تھے، ہمارے دور میں ان کے پیسے کی بچت ہوئی اور انتظامات بھی بہت اچھے کئے گئے جس پر حجاج کرام خوش ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا پروگرام ہے کہ کالجز میں طالب علموں کو لیپ ٹاپ دیں، ملک کے بڑے شہروں میں 50 بہترین ہسپتال بنانے جا رہے ہیں، 12 سال سے بند سانگلہ ہل ریلوے لائن کو آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تمام تکینکی مسائل حل کرنے پر توجہ دی ہے، اس پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں 250 بستروں کے ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم نے فیصل آباد ساہیانوالہ ایکسپرے وے کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ساہیانوالہ ایکسپریس وے کو سانگلہ ہل تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 کے دیہات کو سوئی گیس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد محبتیں لے کر سانگلہ ہل آئے ہیں، تین سال قبل وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہاں کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ الیکشن میں کامیاب ہو کر یہاں انٹرچینج بنائیں گے، آج انہوں نے وعدہ پورا کرکے ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو بھی وعدے کئے وہ ہمیشہ پورے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ءمیں بھی اس ملک کی ترقی کو روکنے کےلئے دھرنا ہوا لیکن وزیراعظم کی فہم و فراست سے اپنا کام جاری رہا، ناکامی دھرنے والوں کو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کے اندر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بنا اور موٹرویز تعمیر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انٹرچینج سانگلہ ہل کے مزدور‘ کسان‘ طالب علم اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کےلئے آسانیاں پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1998ءمیں محمد نواز شریف نے ایٹم بم بنا کر ملک کو ناقابل تسخیر بنایا اور اب سی پیک کے ذریعے ملک کی معشیت کو ناقابل تسخیر بنا رہے ہیں۔

About Daily City Press

Check Also

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *