کنٹریکٹ پر کام کررہے صحافی بھی عبوری ویج بورڈ ایوارڈ میں شامل ہیں،ان کی تنخواہیں بھی بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے،چئیرمین ویج بورڈ کمیشن جسٹس حسنات احمد خان
فائنل ایوارڈ کا اعلان جلد کرنے کی کوشش کی جائے گی،صحافتی تنظیمیں اپنا کیس شواہد کے ساتھ پیش کرنے کی تیاری کریں۔
جو مالکان عبوری ایوارڈ پر عمل نہیں کریں گے، ان کے سرکاری اشتہارات بند کرنے کا حکم دیدیا ہے،متاثرہ کارکن آئی ٹی این ای سے رجوع کرسکتے ہیں۔لاہور پری کلب کے دورے کے موقعے پر گفتگو
صحافیوں کے لئے نئے ویج بورڈ ایوارڈ کمیشن کے چئیرمین مسٹر جسٹس حسنات احمد خان (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے اعلان کئے گئے عبوری ویج ایوارڈ کا اطلاق اخبارات کے مستقل ملازمین کے علاوہ تمام اقسام کے کنٹریکٹ ملازمین پر بھی ہوگا کیونکہ ایکٹ کے تحت بلا تخصیص تمام ملازمین اس میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ آف پاکستان 2012ءمیں اپنے فیصلے میں یہ بات واضح کرچکی ہے۔لاہورپریس کلب کے دورے کے دوران غیر رسمی بات چیت کے دوران انہوں نے مزید بتایا کہ عبوری ایوارڈ صحافتی نمائندوں اور اخباری مالکان کے اتفاق رائے سے جاری کیا گیا ہے لہذا اس پر عمل درآمد نہ کرنے والے اخباری مالک کے سرکاری اشتہارات بند کرنے کا حکم بھی دیدیا گیا ہےانہوں نے کہا کہ فائنل ویج ایوارڈ جلد از جلد جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی لیکن اس کا فیصلہ مالکان اور کارکنوں کی طرف سے پیش کئے جانیوالے شواہد کی بنیاد پر ہوگا، اس لئے صحافتی تنظیمیں 2001ءکے بعد اب تک ویج ایوارڈ جاری نہ ہونے سے معاشی حالات پر پڑنے والے اثرات کے شواہد اکٹھے کریں۔ ایک سوال پر مسٹر جسٹس حسنات احمد خان نے کہا کہ ویج ایوارڈ پر عمل درآمد کرنے کے لئے علیحدہ فورم ایمپلی مینٹیشن ٹرابیونل فار نیوز پیپر ایمپلائز(آئی ٹی این ای ) میں شکائت درج کراسکتے ہیں جس کے سربراہ مسٹر جسٹس راجہ عامر کو مقرر کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور کے صحافیوں کا نکتہ نظرجاننے اور شواہد حاصل کرنے کے لئے بھی بورڈ کے دیگر ممبران کے ساتھ علیحدہ طور پر پریس کلب آئیں گے۔اس موقعے پر کلب کے صدر ارشد انصاری اور سینئر نائب صدر ذوالفقارعلی مہتو نے کمیشن کے چئیرمین کو گورننگ باڈی کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان عمران شیخ،حسن تیمور جھکڑ کے علاوہ سینئر ممبران تنویر زیدی ،تمثیلہ چشتی،نواز طاہر،خواجہ فرخ سعید،انتخاب حنیف شیخ،احسن ضیاء،بابر بٹ،ڈان اخبار یونین سی بی اے کے صدر اصغر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔