ملتان : کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
رات گئے ملتان کے قریب بچھ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے عوام ایکسپریس کی ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن اور 4 ڈبے پٹڑی سے اتر گئے جبکہ مال گاڑی کے ڈبے بھی ٹریک سے نیچے اترے۔
ٹرین حادثے کے بعد امدای کارکن فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچے، تاہم نامناسب روشنی کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں 2 گھنٹوں سے زائد وقت لگا، جبکہ فوج کے اہلکار بھی ریسکیو سرگرمیوں میں معاونت کے لیے بچھ ریلوے اسٹیشن پہنچے، کئی گھنٹوں بعد بھی ریلوے ٹریک کلیئر نہیں کیا جا سکا۔
ملتان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثہ مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، مال گاڑی کے ریلوے اسٹیشن پر رکھتے ہی سگنل دے دیا گیا تھا، تاہم عوام ایکسپریس کے ڈرائیور نے اس پر غور نہیں کیا اور ریل گاڑی کو نہیں روکا جس کی وجہ سے دونوں گاڑیوں میں ٹکر ہوئی۔
وزیر اعظم نوازشریف نے ملتان ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی جبکہ انہوں نے حکام کو ہدایت بھی کہ کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کو 6 سے 8 گھنٹے میں آمد و روفت کے لیے بحال کردیا جائے گا۔
واقعے کے بعد ٹرین کے انجن کو ہٹانے کےلیے خانیوال اور سمہ سٹہ سے 2 کرین حادثے کے مقام پر پہنچ گئیں، ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ان کا کہنا تھا کہ میتیں منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔