پاکستان موسمیاتی خطرات کا سب سے زیادہ شکار دنیا میں پانچواں ملک ہے ، پوری قوم شجر کاری مہم میں حصہ لے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد،وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے کے لئے پوری قوم کو شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتےہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی خطرات کا سب سے زیادہ شکار پانچواں ملک ہے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے آگاہی ضروری ہے، ملک میں جنگلات کارقبہ صرف 5 فیصد ہے، رواں سال پودے لگانے کا ہدف دوگناکیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں موسم بہار کی ملک گیر شجر کار ی مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ انہوں نے پودالگاکر پورےملک میں موسم بہار کی شجر کاری کا آغازکر دیاہے، ہماری پچھلی حکومت نے ملک بھر میں درخت لگانے کا جوہدف مقرر کیا تھا، رواںسال لگائے جانے والے پودوں کی تعداد دوگنا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مجموعی رقبے کے لحاظ سے جنگلات کاتناسب صرف 5 فیصد ہے، عالمی ماحولیاتی رسک انڈیکس رپورٹ کے مطابق پاکستان موسمیاتی خطرات کا سب سے زیادہ شکار دنیا میں پانچواں ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1999 سے 2018 کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے 10ہزار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ہماری معیشت کو اربوں ڈالرکانقصان ہوا، اس لئے تعلیمی اداروں میں بھی اس خطرے سے آگاہی فراہم کرناضروری ہے اور شجر کاری مہم کو پورے ملک میں پھیلانے کے لئے تمام تر کوششیں کی جانی چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو چاہیے کہ ملک کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور صحت مند ماحول مہیا کرنے کے لئے شجر کاری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ پاکستان ہر قسم کی ماحولیاتی آلودگی اور ماحولیاتی خطرات سے محفوظ رہے۔قبل ازیں وزیراعظم نے پی ایم ہاؤس میں پودالگا کر موسم بہار کی ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔واضح رہے کہ رواں سال 2024 میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران ملک بھر میں مجموعی طورپر 5 کروڑ 43لاکھ 80ہزار پودے لگائے جائیں گے ، 2023 کی موسم برسات کی شجر کاری مہم کے دوران 4 کروڑ 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے تھے۔ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پنجاب میں ایک کروڑ 41لاکھ ، سندھ میں ایک کروڑ 17لاکھ 20ہزار ، خیبر پختونخوا میں 57لاکھ 10ہزار ، بلوچستان میں 30 لاکھ ، آزاد جموں کشمیر میں ایک کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار اور گلگت بلتستان میں 80 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ موسم برسات 2023 کی شجر کاری مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 46لاکھ 20ہزار،سندھ میں ایک کروڑ 90 لاکھ، خیبرپختونخوا میں ایک کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار ، بلوچستان میں 10لاکھ 60 ہزار ، آزاد جموں و کشمیر میں 33 لاکھ اور گلگت بلتستان میں 3 لاکھ 60 ہزار پودے لگائے گئے.