پاکستان سے چھ رکنی طلباء طالبات کا گروپ عملی ٹریننگ کے لیے جرمنی پہنچ گیا
جرمنی میں ہنرمندوں کی قلت ایک بحران کی شکل اختیار کر چکی
منور علی شاہد (بیورو چیف جرمنی) جرمنی میں ہنرمندوں کی قلت ایک بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔اس کمی کو دور کرنے کے لیے حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ نجی طور پر ادارے اور شخصیات کوششیں کر رہے ہیں تاکہ جرمنی کے اندر مختلف شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی کمی کو دور کیا جاسکے ۔اسی تناظر میں پاکستان سے چھ رکنی طلباء وطالبات کا ایک گروپ جرمنی کے شہر ہائیڈل برگ پہنچا ہے ۔’’کک فار فیوچر ‘‘ پروجیکٹ کے تحت جرمنی پہنچنے والے اس گروپ کو ہائیڈل برگ سٹی پارلیمنٹ ممبر وسیم بٹ اور پروجیکٹ کی راہنما مِس اُرزولا ہُمل کی مکمل مدد اور رہنمائی میسر رہی جنہوں نے مقامی کاروباری اداروں کے تعاون سے اس گروپ کی جرمنی آمد کو ممکن بنایا۔پاکستانی نوجوانوں کا یہ گروپ دوران قیام جرمن زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ کوکنگ کے شعبہ میں عملی تربیت بھی حاصل کرےگا۔ اس پروجیکٹ کو مقامی اداروں اور ہائیڈل برگ امیگریشن اتھارٹی کی معاونت بھی حاصل ہے۔