کچھ شرپسند عناصر آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، عطاء اللہ تارڑ
برانڈڈ جوتیاں اور برانڈڈ بیگ پہن کر پاکستان کے عوام کی امداد بند کرنے کے لئے احتجاج کرنے والوں کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد،:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کو سبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں، برانڈڈ جوتیاں اور برانڈڈ بیگ پہن کر پاکستان کے عوام کی امداد بند کرنے کیلئے احتجاج کرنے والوں کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، ملک دشمن عناصر کی گھناؤنی سازشوں کا آئی ایم ایف ڈیل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا ئ اللہ تارڑ نے کہا کہ جب سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے معاشی بحالی اور اصلاحات کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں ، بلومبرگ جیسے عالمی جریدے وزیر خزانہ کی تقرری کو بہترین فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کی صلاحیت، مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور معیشت کو دوام دینے کی کاوشوں کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ کو معاشی معاملات پر مکمل کمان حاصل ہے، وہ چاہتے ہیں کہ جلد از جلد ملک کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ایک ملک دشمن جماعت جس نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کئے، شہدائ کی یادگاروں کو مسمار کیا، اب آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاڑ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ سب کو پتہ ہونا چاہئے کہ سیاست بعد میں ملک پہلے ہے، ہم اس ملک سے ہیں، یہ ملک 27 ویں رمضان المبارک کو معرض وجو د میں آیا، یہ تاقیامت رہے گا، اس ملک نے ہمیں بہت سی نعمتوں سے نواز اہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں کو بیرونی یا اندرونی خطرات لاحق ہوئے، وہاں مذہب یا نسل کی بنیاد پر لوگوں کے حقوق کو سلب کیا گیا، اس کے برعکس ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت جاری ہے، سٹاک ایکس چینج میں بہتری آرہی ہے ، دوست ممالک کے سربراہان نے حکومت کا خیرمقدم کیا۔ ہم نے تو میثاق معیشت کی بات اس وقت کی جب ہم اپوزیشن میں تھے، ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں، عوام نے ہمیں ووٹ دیکر یہاں بھیجا ہے، ہم اپنے خون پسینے سے ملک کو سنواریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات ، ٹیکس نیٹ بڑھانے، اخراجات کم کرنے کی بات کی ہے، بتایا جائے کہ وزیراعظم نے کون سی غلط بات کی ہے ؟ کس بات پر اختلاف ہے؟ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم مٹھی بھر شر پسند عناصر نے مکروہ حرکت کرتے ہوئے امریکہ میں آئی ایم ایف عمارت کے سامنے مظاہرہ کیا ہے کہ پاکستان کو قرض نہ دیا جائے ، یہ لوگ خود تو باہر ٹیکس بھی دے رہے ہیں، ان کی سہولیات سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ یہ ہی لوگ پاک فوج کے خلاف بھی مظاہرہ کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو کہتے ہیں کہ ہمارے لیڈر کی رہائی کے ساتھ پاکستان کا قرض مشروط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈر کو جب ملک سے بڑا کر دیتے ہیں تو ملک دشمنی ہوجاتی ہے، ماضی میں ہماری قیادت نے جیلیں برداشت کیں، ہر روز عدالتوں میں پیش ہوئے لیکن اداروں پر حملے نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سازش کہنے والے آج امریکہ میں بیٹھ کر یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو امداد نہ دی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوکت ترین کے خلاف ایف آئی اے سے پہلا نوٹس جاری ہوا تو وہ ملک چھوڑ گئے، دوسرے نوٹس پر انہوں نے اپنی بیٹی کو ایف آئی اے بھجوا دیا ، ہم بہنوں اور بیٹیوں کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد اورنگزیب کراچی میں مقیم تھے، حبیب بینک کے صدر تھے، انکے بھائی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رہے، ان کے پاس پاکستانی شہریت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جے یو آئی ایف نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے کا جو وعدہ کیا ہم اسکا احترام کرتے ہیں۔