عالمی ریکارڈ ہولڈر پاکستانی طالبہ ستارہ بروج اکبر کی ہائیڈل برگ جرمنی میں آمد
غیر معمولی تعلیمی عالمی ریکارڈ ہولڈر اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے کینسر ریسرچ میں ماسٹر ڈگری حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ستارہ بروج اکبر نے جرمنی کے مشہور شہر ہائیڈل برگ کا دورہ کیا
منور علی شاہد(بیورو چیف جرمنی) غیر معمولی تعلیمی عالمی ریکارڈ ہولڈر اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے کینسر ریسرچ میں ماسٹر ڈگری حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ستارہ بروج اکبر نے جرمنی کے مشہور شہر ہائیڈل برگ کا دورہ کیا، اس دورے کی دعوت پاکستان نژاد ممبر سٹی پارلیمنٹ ہائیڈل برگ وسیم بٹ کی طرف سے دی گئی تھی ۔ اس دورے کے دوران ستارہ بروج اکبر نے طے شدہ پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں میں شرکت اور اہم جرمن شخصیات سے ملاقاتیں کی ۔ ہائیڈل برگ میں پہنچنے کے بعد پاکستانی ہونہار طالبہ نے ممبر سٹی پارلیمنٹ وسیم بٹ کے پبلک آفس کا دورہ کیا جہاں جرمن نیشنل پارلیمنٹ ممبر الیگزینڈر فوہر سے ملاقات کی۔ملاقات میں وسیم بٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران جرمن ممبر پارلیمان نے ستارہ بروج کی جرمن آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور تعلیم اور کینسر سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی اور برلن آنے کی دعوت دی ۔ اس دورے کے دوران ستارہ بروج اکبر کی مقامی میئر مس جانسن سے ٹاؤن ہال میں ملاقات بھی ہوئی ۔ شہر کی میئر نے ملاقات کے دوران مہمان پاکستانی طالبہ کو اگلے دورہ ہائیڈل برگ میں نوجوانوں سے خصوصی خطاب کرنے کی دعوت بھی دی ۔ دورہ شیڈول کے مطابق میزبان وسیم بٹ کی جانب سے پاکستانی ہونہار مہمان طالبہ اور اس کی فیملی کو علامہ اقبال کی یادگاریں بھی دکھائی گئیں۔ ان میں اقبال سٹریٹ اور علامہ اقبال سے منسوب اقبال اوفر بھی شامل تھیں ۔ اسی سڑک کنارے نصب اس کتبہ کو بھی مہمان نے دیکھا جس پر علامہ اقبال کی نظم’’ ایک شام‘‘جرمن زبان میں کنندہ موجود ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستانی طالبہ ستارہ بروج اکبر تعلیم اور تحقیق کے میدان میں متعدد عالمی ریکارڈ قائم کر چکی ہیں اور تعلیم کے میدان میں عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن چکی ہیں ۔ان کے ریکارڈ ز کی فہرست بہت طویل ہے جس کی ابتداء 9 سال کی عمر سے ہوئی تھی جب پاکستان لیول پر کمسٹری کے امتحان میں نیشنل ریکارڈ بنایا۔ بعد ازاں 10 سال کی عمر میں بائیولوجی میں او لیول کے امتحان میں ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔15سال کی عمر میں آلیٹس کے امتحان میں نو میں سے نو بینڈ حاصل کرکے کم عمر ترین طالبہ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔ پاکستان کے صدر، وزیر اعظم سمیت دیگر ممالک کی طرف سے اعزازات بھی ستارہ بروج اکبر کو مل چکے ہیں ۔