Breaking News
Home / City News / لاہور چیمبر کی جانب سے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی خدمات کے اعتراف میں تقریب

لاہور چیمبر کی جانب سے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی خدمات کے اعتراف میں تقریب

لاہور چیمبر کی جانب سے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی خدمات کے اعتراف میں تقریب

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوارڈز تقسیم کیے، صدر کاشف انور و دیگر کی شرکت

لاہور۔ جنوری 25 — کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی بہترین خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے لاہور چیمبر نے ایک شاندار تقریب میں 26وومن انٹرپنیورز کو ایوارڈز تقسیم دئیے ہیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے جبکہ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، قائمہ کمیٹی کی کنوینر فریحہ یونس، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، سابق عہدیداران اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ڈاکٹر عارف علوی نے فرسٹ لیڈی ثمینہ علوی اور لاہور چیمبر کے صدر کاشف انورکے ہمراہ ایوارڈز دئیے۔ النورا عینی کی عینی منصور کو لائف ٹائم اچیومنٹ ٹرافی، کشمالی خان کو ویمن انٹرپرینیور آف دی ایئر، نتاشا کمال کی نتاشا کمال کو رائزنگ سٹار ایپریسیشن ایوارڈ دئیے گئے۔ سی ای او ایکسپو سنٹر مریم خاور، ریسکیو 1122 کی دیبا شہناز اختر، عائشہ عمران کی عائشہ عمران، کریٹیو ڈائریکٹر لائم لائٹ کی آمنہ وہاج، جرنی ٹو جائے کی عظمیٰ رمضان، کاسمیٹک انسٹی ٹیوٹ کی آمنہ راج، حمنا عامر کی حمنہ عامر، تکمیل اسکوائر کی حمیرا فضل، باہجت رائے ایٹیلیئر کی باہجت رائے، برائٹ کڈز کی فرحین اعجاز، حفصہ خان سیلون اینڈ اسٹوڈیو کی حفصہ خان، آرٹ لاونج کی مہرالنساءکبیر، مہرین وسیم کی مہرین مرزا، فیشن پروڈکٹس کی بختاور شبیر، کولاج کانسیپٹس کی سائرہ فضل، سکس بی فوڈ انڈسٹری کی حرا طاہر، شائستہ خاور کی شائستہ خاور، وہمسیکل کی سندس مصطفیٰ اور وائز ایجوکیشن سوسائٹی کی حمدہ طارق نے آﺅٹ سٹینڈنگ وومن لیڈرشپ ایواڈز حاصل کیے ۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فریحہ یونس اور شمیم اختر نے کو تعریفی شیلڈز دی گئیں۔ صدر پاکستان ڈاکٹر علوی نے خواتین کاروباریوں کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لیے لاہور چیمبرکی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دیگر چیمبرز بھی خواتین کے لیے ایسی تقریب منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول کے مطابق بریسٹ کینسر اور دیگر اقدامات میں لاہور چیمبر نے گرانقدر، تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اسی بات پر زور دیا ہے کہ خواتین کو ٹریڈ انڈسٹری میں لائیں، لاہور چیمبر اس حوالے سے لیڈ کررہا ہے، فاطمہ جناح نے اپنے بھائی کے مقصد کو سپورٹ کیا جبکہ اسلام کی تاریخ میں بھی خواتین کا کردار بہت اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ وومن کے لیے ہراسمنٹ کا خاتمہ کرنا ہوگا، بریسٹ کینسر کے لیے سال میں صرف ایک دن مختص ہوتا تھا لیکن پہلے اسے ایک ہفتہ اور پھر ایک مہینہ کی مہم تک پھیلایا گیا۔ پچھلے سال اکتوبر تک بریسٹ کینسر کے حوالے سے 14کروڑ پچاس لاکھ میسجز بھیجے گئے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، باون فیصد خواتین معاشرے کا حصہ ہیں، ان کے بغیر آگے نہیں بڑھاجاسکتا۔ سٹیٹ بینک سے میٹنگ میں خواتین کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا گیا، آج اکثر بینکوں میں پچیس فیصد عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔ جو خواتین ایمازون اور دیگر ذرائع سے گھر بیٹھی کام کررہی ہیں ان کی مدد کی جائے، پاکستان میں دس لاکھ خواتین مصنوعات برآمد کررہی ہیں، چیمبر ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب سستا لون یوتھ پروگرام اور عورتوں کے لیے قرضوں جیسی سکیمیں شروع کی گئیں تو پتہ چلا کہ پانچ فیصد خواتین نے بھی فائدہ نہیں اٹھایا۔ اسی فیصد خواتین میڈیکل کالجز میں داخلہ لیتی، ڈاکٹر بنتی ہیں جن میں سے پچاس ساٹھ فیصد گھر بیٹھ جاتی ہیں، انہیں کام کرنا چاہیے۔ غزہ میں عورتیں اور بچے سب سے زیادہ مصائب برداشت کررہے ہیں۔ ملک میں چوبیس فیصد لوگ مینٹل ہیلتھ کے حوالے سے مسائل سے دوچار ہیں، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے مینٹل ہیلتھ اور سٹریس کے حوالے سے آگاہی دی جاسکتی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ملک کے معاشی استحکام کے لیے لاہور چیمبر کی کوششوں کو سراہنے پر ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول ثمینہ عارف کی خصوصی کاوشوں کو بھی سراہا۔لاہور چیمبر کے کاشف انور نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت اس وقت تک بہتر نہیں ہو سکتی جب تک ہماری نصف آبادی پر مشتمل خواتین ملک کی ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار نہیں لائیں گی۔ یہ تب ہی ممکن ہے جب انہیں بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ سازگار ماحول کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، انہیں بیک وقت اپنے گھر، بچوں اور کاروبار کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے جو کہ بالکل آسان نہیں ہے، جب ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا تو ان کا حوصلہ بڑھے گا۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر ملک کا پریمیئر چیمبر آف کامرس ہونے کے ناطے خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لیے سرگرم ہے۔ یہاں تقریباً 2000 خواتین ممبران ہیں اور ان کی تعداد میں ہر سال نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات بھی قابل ستائش ہے کہ ہماری خواتین ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خاص طور پر ان کی رہنمائی اور تعاون کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرنے لاہور چیمبر میں خواتین تاجر برادری کے لیے ویمن ایمپاورمنٹ لاونج قائم کیا ہے جس میں خواتین کے کاروباری مسائل کے حل اور ان کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت کام کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے لاہور چیمبر میں ویمن انٹرپرینیورز ڈسپلے کارنر بھی قائم کیا ہے جس میں خاص طور پر کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ای سیکٹر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹنگ کے مقصد کے لیے ڈسپلے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر باقاعدگی سے اہم موضوعات پر آگاہی سیمینارز اور سیشنز کا انعقاد کرتا ہے تاکہ ہماری خواتین ممبران کی تربیت کی جا سکے اور انہیں مختلف معاشی مسائل پر اپ ڈیٹ رکھا جا سکے۔ لاہور چیمبر ہر سال خواتین کا عالمی دن بھی بڑے پیمانے پر مناتا ہے۔انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ ایل سی سی آئی نے متعدد سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں، تعلیمی اور طبی اداروں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آن لائن کاروبار کرنے کا دور ہے، اس لیے خواتین اراکین کو ایمیزون اور علی بابا جیسے کامیاب ای کامرس پلیٹ فارمز کے بارے میں ضروری آگاہی اور تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ خواتین جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا بہترین استعمال کریں۔لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ معیشت کے زیادہ تر غیر روایتی شعبے خواتین سے تعلق رکھتے ہیں۔ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ بین الاقوامی نمائشوں تک خواتین کی رسائی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کی جائے جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والی نمائشوں میں دستکاری، مٹی کے برتن، ایمبرائیڈری، روایتی زیورات، ہاتھ سے تیار ٹیکسٹائل جیسی مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔بوتیک، کلینک یا سکول وغیرہ چلا رہی ہیں ، ان کے کاروبار کو مکمل طور پر ٹیکس فری کردیا جائے۔اس طرح ان کے لئے معاشی طور پر خود مختار ہونے میں بہت مدد مل سکے گی۔

About Daily City Press

Check Also

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *