جرمنی پاکستانی برآمدات کی پانچویں بڑی منزل ہے اور اہم پارٹنر ہے، ثقلین سیدہ سفیر پاکستان
منور علی شاہد، بیورو چیف جرمنی ) جرمنی میں تعینات پاکستان کی سفیرثقلین سیدہ نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستانی برآمدات کی پانچویں بڑی منزل ہے اوراہم تجارتی پارٹنر ہے ۔ پاکستانی سفیر فرینکفرٹ میں
’’ کاروباری مواقع پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک اہم تقریب میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان بھی جرمن درآمدات سے مستفید ہوتا ہے جس میں مشینری، کیمیکل اور الیکٹریکل اشیاء شامل ہیں ۔ پاکستانی سفیر نے فورم کے شرکاء سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے بھی تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن
کونسل(SIFC) کے تحت نئے تشکیل شدہ پلیٹ فارم سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے میں خواہاں ہے ۔ تقریب سے جرمن جوائنٹ کونسل فارانڈسٹری اینڈ کامرس(AHK UAE) کے چیف ایگزیکٹیو او لیور اوہمز نے خطاب میں جرمنی کے کاروباری امکانات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اور پاکستانی کاروباری حضرات کو اس سے فائدہ اٹھانے کی پیش کش کی ۔انہوں نے جرمن کاروباری کمپنیوں کے نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ کی طرف توجہ دیں ۔ اس موقع پر پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی قونصلر برائے سرمایہ کاری و تجارت محترمہ آمنہ نعیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق اعدادوشمار تقریب کے شرکاء کے سامنے رکھے ۔ تقریب سے پاکستان اور جرمن کاروباری اداروں کے نمائندوں نے بھی اپنے اپنے مسائل اور تجربات دونوں ممالک کے نمائندوں کو آگاہ کیا ۔ ’’کاروباری مواقع پاکستان‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اس تقریب کا اہتمام فرینکفرٹ چیمبر آف کامرس(IHK فرینکفرٹ) نےکمرشل سیکشن پاکستانی قونصلیٹ فرینکفرٹ اور جرمن اماراتی مشترکہ کونسل برائے صنعت و تجارت(AHK UAE) کے اشتراک سے کیا تھا اور چیمبرآف کامرس پہنچنے پر ڈائریکٹر ایشیا پیسیفکIHK فرینکفرٹ نے پاکستانی سفیر اور وفد کا استقبال کیا ۔
تقریب کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوظ کرنے کا باعث بنیں گی