لاک ڈاون میں نو مئی مزید نرمی، عوام خود ذمہ داری لیں، عمران خان
حکومت مزید کاروباری مراکز کھولنے جا رہی ہے۔ تاہم اس اقدام کی کامیابی کا انحصار عوام کے اپنے نظم و ضبط پر ہوگا
وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ حکومت نو مئی سے مزید کاروباری مراکز کھولنے جا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کی کامیابی کا انحصار عوام کے اپنے نظم و ضبط پر ہوگا۔قومی میڈیا پر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا، ”ہم پولیس کے ڈنڈے کے زور پر“ نظم و ضبط لاگو نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس لیے، ”آپ کو اس کی ذمہ داری لینی پڑے گی۔ پولیس کیا کیا کام کر سکتی ہے؟ یہ کوئی بھی گورنمنٹ نہیں کر سکتی۔“پاکستان میں طبی ماہرین کو سخت خدشات ہیں کہ حکومتی اقدامات سے ملک میں کورونا کا بحران گمبھیر ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں تعلیم کی کمی اور نظم و ضبط کے فقدان کے باعث زیادہ امکان یہی ہے کہ سماجی دوری اور احتیاطی ضوابط سے متعلق ہدایات نظر انداز کردی جائیں گی۔
لیکن وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کردہ کورونا ٹائیگر فورس کو ہدایت دیں گے کہ وہ لوگوں میں جا کر شعور اجاگر کریں۔ عمران خان کے بقول، اگر وبا میں تیزی سے اضافہ ہوا تو یہ سب کے لیے برا ہوگا۔ حکومتی اعلان کے مطابق ہفتے سے گلی، محلوں اور دیہاتوں میں چھوٹے بازار کھول دیے جائیں گے۔ دوکانیں سحری سے لے کر شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی۔ جہاں ممکن ہو ہسپتالوں میں او پی ڈیز کھول دی جائیں گی۔ تعمیراتی شعبے سے منسلک کاروبار کو مزید مراعات ملیں گی۔تاہم انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبوں کی مشاورت سے یہ بھی طے کیا کہ ہفتے میں دو دن بنیادی اشیائے ضروریات کی دوکانوں کے علاوہ باقی کاروبار بند رکھا جائے گا تاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والی نفری کو بھی آرام مل سکے۔ حکومت نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسکول اور تعلیمی ادارے پندرہ جولائی تک مزید بند رکھے جائیں گے۔وزیراعظم کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ اس مرحلے میں ٹرین، بسیں اور ہوائی جہاز کی پروازیں دوبارہ بحال کر دی جائیں لیکن صوبوں کی طرف سے تحفظات کے باعث فی الحال یہ فیصلہ مو¿خر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پھنسے سوا لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس لانا چاہتی ہیں لیکن اس میں بھی صوبوں کے تحفظات ہیں کہ کہیں ملک میں مزید وائرس نہ پھیل جائے۔اس موقع پر کورونا وائرس پر وزیراعظم کے فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کیسز اور اموات کی تعداد ضرور بڑھ رہی ہے لیکن اضافے کا یہ رجحان کئی ملکوں کی نسبت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی روزانہ ٹیسٹنگ بڑھا کر دس ہزار تک کردی ہے اور اس وقت ملک کے طبی نظام میں کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے متنبہ کیا کہ ملک میں، ”خطرہ بالکل موجود ہے اور ا?نے والے دنوں میں بڑھ بھی سکتا ہے۔“ تاہم ڈاکٹر فیصل کے مطابق اس سے نمٹنے کی کنجی ہمارے ہاتھ میں ہے۔