صدر ارشد انصاری کی وفاقی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے ملاقات
لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 2 کروڑ کرنے کا وعدہ اور صحافی کالونی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں وفاقی مشیر اطلاعات کا عہدہ سنبھا لنے پر مبارکباد دی ۔ ملاقات میں صدر ارشد انصاری نے مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو لاہور پریس کلب ، صحافی کالونی بی بلاک، ایف بلاک ، فیز ٹو اور صحافی برادری کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا اور تفصیلی گفتگو کی۔ وفاقی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے ، میڈیا اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک کے تاثر کو جلد ختم کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، انہوں نے پریس کلب کے مالی مسائل کے حل کیلئے کلب کی گرانٹ2 کروڑ سالانہ کرنے کا وعدہ کیا جبکہ صحافی کالونی کے ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ کاجلد آغاز اور صحافی کالونی فیز ٹو کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ صدر ارشد انصاری نے وفاقی مشیر اطلاعات کو لاہور پریس کلب کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔