لاہور پریس کلب لٹریری کمیٹی کے زیر اہتمام تین روزہ کتاب میلہ کا افتتاح
معروف مصنف و سابق وفاقی سیکرٹری جاوید انور بوبک اور سینئر صحافیوں کی شرکت
لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام تین روزہ ” کتاب میلہ” کا افتتاح صدر ارشد انصاری اور معروف مصنف و سابق وفاقی سیکرٹری جاوید انور بوبک نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر ارشد انصاری نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کتاب میلہ کے انعقاد سے صحافیوں اور انکے بچوں میں کتاب پڑھنے کا رجحان بڑھے گا جبکہ پریس کلب میں ادبی سرگرمیوں کا فروغ اور اسے شہر کا ادبی مرکز بنانا ہمارے منشور کا حصہ ہے ، انہوں نے کہا کہ عامل صحافی کیلئے ہر طرح کا علم ضروری ہے جو کہ کتاب کے مطالعہ کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا، انہوں نے بتایا کہ کتاب میلہ میں تمام کتب کی خریداری پر 55 فیصد تک رعایت ہوگی ۔ جاوید انور بوبک نے کہا کہ آج انٹرنیٹ کے دور میں بھرپور کتب میلہ کا انعقاد خوش آئند ہے اور پریس کلب اس پر مبارکباد کا مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کتاب پڑھنے کا رجحان پیدا کرنا ضروری ہے ، کتابوں کو فروغ دیکر علم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے معاشرے کے مسائل میں بھی کمی ہوگی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر اور سربراہ لٹریری کمیٹی ذوالفقار علی مہتو ، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی رانا طاہر، قاسم رضا، سینئر صحافی اظہر غوری، سعید اختر، اقبال بخاری، پرویز الطاف، شہزاد فراموش، سرفراز کاشر بٹ، صلاح الدین بٹ، مدثر قدیر، قمر بھٹی، ریحان منیر زبیری، نصرت بیگ اور دیگر شریک تھے۔ صدر ارشد انصاری نے کتاب میلہ کے انعقاد پر لٹریری کمیٹی کے سربراہ اورسینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو اور کمیٹی کے دیگر ارکان کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر پریس کلب کی جانب سے معزز مہمان جاوید انور بوبک کو پھول پیش کئے گئے۔