یوم پاکستان کے موقع پر قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں ہلالی پرچم لہرانے کی پروقار تقریب
فرینکفرٹ ،(بیورو رپورٹ) یوم ورار دار کے موقع پر 23مارچ کو صبح پاکستانی قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ کے لان میں ایک باوقار تقریب
منعقد ہوئی جس میں خواتین و بچوں سمیت پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔قائمقام قونصل جنرل شعیب منصور نے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور صدر مملکت کا پیغام پڑھ کے سنایا جب کہ خواجہ خرم کمرشل قونصلر نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھا۔تقریب کا آغازقران پاک کی تلاوت اور اردو ترجمعہ سے ہوا اس کے بعد قائمقام قونصل جنرل شعیب منصور نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا پیغام پڑھا جس میں انہوں نے قوم کو متحد اور منتظم رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا تاریخی دن ہے اور آج ہم جمہوریت،انصاف اور امن کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے پاس افرادی قوت اور قدرتی وسائل ہونے کی وجہ سے بے پناہ صلاحتیں ہیں، ہماری منزل ایک ایسی ماڈل جمہوری ریاست کا حصول ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ خواجہ خرم کمرشل قونصلر نے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام پڑھا جس میں انہوں نے آج کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے، ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں اور ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے پرعزم ہیں جو ہمدری اور احساس پر مبنی ہو، اور جہاں ہر شہری بلا تفریق ترقی،خوشحالی سے ہمکنار ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیراعظم نے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے اور ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے ان کی لازوال قربانیوں کے باعث دشموں کو ہر محاز پر شکست ہوئی ہے۔پیغامات پڑھنے کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور اس کے فورا بعد ہی فضا فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، قونصلیٹ کے لان میں موجود پاکستانیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور انہوں نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے، تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جو اشرف صاحب نے کرائی جس میں پاکستان کے استحکام، ترقی،خوشحالی اور لازوال اتحاد کے لئے دعا مانگی گئی اس کے بعد تمام شرکاءکی تواضع پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔پاکستانی میڈیا کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے انٹرویوز کئے ۔