جائیداد کی خرید و فروخت کا کاروبار، بیسٹ سیلر ادیب، ٹی وی اسٹار اور اگلے برس امریکا کے 45 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت کے کئی مختلف پہلو ہیں۔ اب وہ جلد ہی وائٹ ہاؤس کے نئے مکین ہوں گے۔
نیویارک: ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست اور ہیلری کلنٹن کی کامیابی سے متعلق تمام تبصرے،تجزیے اور سروے نتائج غلط ثابت ہوئے اور ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دے کر 4 سال کے لیے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے۔ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان عہدہ صدارت کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہوا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 290 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ صدر منتخب ہونے کے لیے 538 میں سے کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت تھی۔ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن 218 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو براک اوباما کی جگہ عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے اور وہ امریکا کی 240 سالہ تاریخ میں معمر ترین صدر ہوں گے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں شکست تسلیم کی اور انہیں مبارک باد دی۔کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب کیا اور انتخابی مہم کے دوران تنقید کے نشتر برسانے والے، مذاہب اور ممالک کے خلاف باتیں کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحاد ، شراکت داری اور مل کر کام کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اختلافات کے بجائے اتفاق رائے سے چلیں گے، تنازعات کے بجائے شراکت داری کو فروغ دیں گے۔دیگر ممالک سے امریکا کے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تمام ملکوں کے ساتھ معتدل رویہ اپنائیں گے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکیوں کے پرانے زخموں کو ٹھیک کریں گے اور وہ ہر امریکی شہری کے صدر ہوں گے۔انہوں نے شکست سے دوچار ہونے والی اپنی حریف ہیلری کلنٹن کی بھی تعریف کیا اور کئی برسوں پر محیط ان کی قومی خدمات کو سراہا۔ٹرمپ نے کہا کہ ہیلری کلنٹن طویل عرصے سے سخت محنت کرتی آئی ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی خدمات پر احسان مند ہوں۔ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ہم امریکی مفادات کو سب سے اوپر رکھیں گے اور سب کے ساتھ معتدلانہ تعلقات رکھیں گے‘۔نتائج سامنے آنے کے بعد حامیوں سے خطاب کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ اور بچوں کو بھی اسٹیج پر لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی اہلیہ اور بچوں کا شکر گزار ہوں جو اس مشکل سفر میں میرے ساتھ رہے، میں اس ملک سے بہت محبت کرتا ہوں، آپ سب کا میرا ساتھ دینے کا شکریہ‘۔ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب مائیک پینس نے قبل ازیں اپنے خطاب میں ٹرمپ کی فتح کو ’تاریخی شب‘ قرار دیا۔