بھارتی حکام نے ایک مقبول نیوز ٹی وی چینل کو ایک روز اپنی نشریات بند رکھنے کی سزا دی ہے۔ اس ٹیلی وژن چینل نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کی کارروائی براہ راست نشر کی تھی۔
بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے ایک حکم میں این ڈی ٹی وی کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس معلومات نشر کرنے کے ارتکاب پر کم از کم ایک روز اپنی نشریات بند رکھے۔ این ڈی ٹی وی پر نئی دہلی حکومت یہ الزام عائد کرتی ہے کہ اِس نے رواں برس جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کی غیر معمولی کوریج کی تھی۔بھارت کے شمالی شہر پٹھان کوٹ میں واقع ایئر فورس کے اسٹریٹیجک مرکز پر دہشت گردانہ حملے میں سات فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ نئی دہلی حکام نے اس حملے کا الزام پاکستان میں موجود ایک انتہا پسند عسکری تنظیم پر عائد کیا تھا۔ بھارتی سکیورٹی حلقوں نے حملے کی ذمہ دار جیشن محمد نامی عسکری گروپ کو قرار دیا تھا۔دوسری جانب این ڈی ٹی وی کی انتظامیہ نے وضاحت دی ہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر کیے گئے حملے کی کوریج انتہائی شفاف اور متوازن تھی۔ انتظامیہ کے بیان کے مطابق اِس کوریج کے دوران کوئی ایسی کوئی اضافی معلومات نشر نہیں کی گئی جو کسی اور چینل سے ہٹ کر تھی۔ انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ عدالتی آپشن پر غور کر رہی ہے کہ اگلے بدھ کے روز نشریات بند رکھنے کے حکومتی فیصلے کو کس طرح تبدیل کیا جا سکتا ہے۔