پروگریسو پینل نے اپنا انتخابی وعدہ پورا کر دیا
پنجاب حکومت کی جانب سے ایف بلاک کے 295 فارم وصول کر لئے گئے
لاہور پریس کلب میں ایف بلاک کے ممبران کا خصوصی اجلاس صدر محمد شہباز میاں کی زیر صدارت نثار عثمانی ہال میں منعقد ہوا جس میں نائب صدر عبدالمجید ساجد، سیکرٹری شاداب ریاض، جوائنٹ سیکرٹری زاہد گوگی، خزانچی ظہیر بابر، ممبران گورننگ باڈی رانا شہزاد، عمران شیخ، محسن علی، اسماعیل جھکڑ، جواد رضوی، فرقان الٰہی اور شیر افضل بٹ شریک ہوئے۔اجلاس میں صدر پریس کلب محمد شہباز میاں نے ایف بلاک کے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب حکومت سے ایف بلاک کے 295 فارم وصول کر لئے ہیںجو کہ سکروٹنی کی حتمی فہرست لگنے کے بعد آئندہ چند روز میں ممبران میں تقسیم کردیئے جائیں گے ۔ممبران ایف بلاک فارموں کی تقسیم کے 15 دن کے اندر اندر 50 ہزار روپے بطور ایڈوانس ادائیگی پنجاب جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کو بینک ڈرافٹ کی صورت میں فارم کے ہمراہ جمع کروائیں گے۔صدر لاہور پریس کلب محمد شہباز میاں نے کہا کہ گورننگ باڈی نے معزز ممبران سے کیا ہوا اپنا اہم وعدہ پورا کرتے ہوئے ایف بلاک کا 9 سالہ دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایف بلاک میں وفات پانے والے ممبران بھی شامل ہوں گے اور کوشش کی جائے گی کہ انکے اہل خانہ کو سب سے پہلے فارم تقسیم کئے جائیں، انہوں نے بتایا کہ ایف بلاک کو ایل ڈی اے کے رولز کے مطابق منظور کیا گیا ہے جس کے بعد یہ بلاک بہترین رہائشی سہولتوں سے مزین ہوگا، انہوں نے بتایا کہ ہمارے مطالبے پر پنجاب حکومت نے ڈویلپمنٹ چارجز کا 20 فیصد ایڈوانس کم کرکے صرف 50 ہزار روپے ابتدائی طور پر جمع کروانے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ ممبران کو ایڈوانس جمع کروانے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ ابتدائی ادائیگی کے بعد جلد ہی ایف بلاک کے ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے جس کا عملی مظاہرہ آنے والے دنوں میں آپ خود دیکھ لیں گے، انہوں نے کہا کہ ایف بلاک کے وہ ممبران جنہوں نے ابھی تک اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کلب آفس میں جمع نہیں کروائی وہ جلد از جلد جمع کروا دیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلسل محنت کر کے اس اہم کام کو پایا تکمیل تک پہنچایا ہے ۔ ایف بلاک پروگریسو پینل کا انتخابی وعدہ تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے۔ صدر لاہور پریس کلب محمد شہباز میاں نے پنجاب جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کی طرف سے ایف بلاک کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور محکمہ اطلاعات و نشریات پنجاب کے حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 295 صحافیوں کو انکے اپنے گھر کی چھت کا خواب شرمندہ تعبیر کیا اور توقع ظاہر کی کہ ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ کا مرحلہ بھی جلد پایا تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج ایف بلاک کے دوستوںکو خوشخبری دی گئی ہے اسی طرح جلد ہی بی بلاک کے دوستوں کو بھی خوشخبری دی جائے گی۔ اس موقع پر ایف بلاک کے ممبران نے کہا کہ لاہور پریس کلب کی موجودہ باڈی نے ہمارے دل جیت لئے ہیں،ممبران نے موجودہ باڈی کی کاوشوں اور مثبت سرگرمیوں کو بھی سراہااور اس موقع پر گورننگ باڈی نے ایف بلاک کے ممبران کا منہ میٹھا بھی کروایا۔