وزیراعظم نواز شریف نے قومی سلامتی کیخلاف خبر کے معاملے پر پرویز رشید سے وزارت اطلاعات ونشریات کا قلم دن واپس لے لیا ہے۔
اسلام آباد:وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی سلامتی سے متعلق خبر کے لیک ہونے کے معاملے پر وزیر اطلاعات پرویز رشید کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ پرویز رشید کو خبر سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انگریزی اخبار کے رپورٹر کو معلومات کی فراہمی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سینئر افسروں پر مشتمل کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔ کمیٹی معلومات کی فراہمی کے مقاصد کا تعین بھی کرے گی۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انگریزی اخبار میں چھپنے والی خبر قومی سلامتی کے منافی تھی۔ اب تک کے شواہد کے مطابق پرویز رشید سے کوتاہی ہوئی۔ پرویز رشید کو معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عسکری قیادت نے قومی سلامتی کیخلاف خبر فیڈ کرنے پر ذمہ داروں کیخلاف تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے جواب میں حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سینئر تجزیہ کار کامران خان نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بڑے مسئلے کو دور کر دیا ہے۔ یہ ایک بہت اہم ڈویلپمنٹ ہے۔ قومی سلامتی کیخلاف خبر کا ذریعہ پرویز رشید تھے۔ پرویز رشید نے ہی صحافی سیرل المیڈہ کیساتھ معلومات شیئر کی تھیں۔