چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنی کرپشن بچانے کیلئے ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ شریف برادران کی حکومت نہیں چلنے دیں گے۔
فیصل آباد: عمران خان کا فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیا پاکستان اب زیادہ دور نہیں ہے۔ شریف برادران کی حکومت نہیں چلنے دیں گے۔ میں اگر نواز شریف کی جگہ ہوتا تو فیصل آباد والوں کا جنون دیکھ کر خوف میں مبتلا ہو جاتا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا استعفیٰ لینا اس لئے ضروری ہے کیونکہ کرپٹ آدمی ملک کا وزیراعظم بن کر ملک کا نظریہ تباہ کر دیتا ہے۔ کرپٹ وزیراعظم احتساب نہیں کر سکتا۔ نواز شریف اپنی کرپشن بچانے کیلئے ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ جب حکمران کرپشن کرتا ہے تو ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ ادارے تباہ ہوتے ہیں تو ملک کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نیا پاکستان اب زیادہ دور نہیں ہے۔ ہم پاکستان کو قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں وزیراعظم اور وزیروں سے احتساب شروع ہوگا۔ وہ پاکستان بنائیں گے جہاں نوکریاں ملیں گی اور خوشحالی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا تو بڑا ردعمل سامنے آئے گا۔ پرامن رہنے دو گے تو پرامن رہیں گے۔ اگر کچھ ہوا تو آپ برداشت نہیں کر سکو گے۔