اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پرتگالی سیاستدان انتونیو گوٹیرش کو اگلا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔ وہ اگلے برس یکم جنوری سے بان کی مون کی جگہ لیں گے۔
گوٹیرش کی نامزدگی سلامتی کونسل کی جانب سے کی گئی تھی اور آج جمعرات تیرہ اکتوبر کو جنرل اسمبلی نے اُس کی تائید و توثیق کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق وہ امن کی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں اور اُن کے دور میں بین الاقوامی اختلافات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ سڑسٹھ سالہ پرتگالی سیاستدان گوٹیرش اپنے ملک کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وہ دس سال تک اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کے سربراہ بھی تھے۔
انتونیو گوٹیرش یکم جنوری 2017ء کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ عالمی ادارے کے نویں سربراہ ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر پیٹر تھامسن نے نئے سیکرٹری جنرل کے توثیق کے لیے قرارداد پیش کی اور اِس موقع پر انہوں نے اس یورپی سیاستدان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوٹیرش ذہانت، بردباری اور لیڈرشپ کا ایک مجسم پیکر ہیں۔سلامتی کونسل میں نامزدگی کے وقت تیرہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ ان میں سات خواتین اور چھ مرد تھے۔ اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کی مدت اکتیس دسمبر 2016ء کو اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے۔ بہتّر سالہ بان کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے اور وہ یکم جنوری 2007ء سے یعنی تقریباً دَس سال سے اقوام متحدہ کے آٹھویں سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں نبھاتے چلے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2004ء سے لے کر 2006ء تک اپنے ملک کے وزیر خارجہ رہے تھے۔