Breaking News
Home / City News / عمران خان کی نواز شریف کو محرم تک کی ڈیڈ لائن

عمران خان کی نواز شریف کو محرم تک کی ڈیڈ لائن

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف نے محرم الحرام تک خود کو پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے پیش نہیں کیا تو انہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے۔

رائے ونڈ مارچ میں جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چوری کے پیسے نے حکمرانوں کو بزدل کردیا، قوم کے 60 کروڑ روپے جاتی امراء کی دیواروں پر لگے، حکمرانوں نے ساڑھے 8 ارب روپے اپنے محلات کی سیکیورٹی پر خرچ کردیے، وزیر اعظم نواز شریف نے جاتی امراء میں غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جبکہ وائٹ ہاؤس کے عملے کی تعداد جاتی امراء کے عملے سے آدھی ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو دل کا نہیں پیٹ کا مسئلہ ہے، آپ کو اربوں روپے کھانے سے بد ہضمی ہوگئی اس لیے آپ اپنے پیٹ کا علاج کرائیں، جبکہ اگر آپ کو مغل اعظم کی طرح رہنا ہے تو اپنا پیسہ خرچ کریں۔‘

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پاناما لیکس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، پاناما میں مریم نواز 2 کمپنیوں کی مالک نکلیں، وزیر اعظم پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے، انہوں نے 4 قوانین توڑے اور الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں نہیں بتایا کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں کی چوری کرنے والے تو پکڑے جاتے ہیں لیکن چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری اربوں روپے کی چوری کو کیوں نہیں پکڑ رہے؟ ایف آئی اے نے پاناما لیکس کی فوری تحقیقات کیوں نہیں کیں؟ پاناما لیکس سے متعلق شریف خاندان کا ہر فرد متضاد بیانات دے رہا ہے اور جھوٹ بول رہا ہے، جبکہ یہ لیکس الزام نہیں ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والا ادارے تباہ کرتا ہے اور جب ادارے تباہ ہوتے ہیں تو ملک تباہ ہوتا ہے، مغربی ملک کے کسی وزیر اعظم میں کرپشن کی جرأت نہیں، نواز شریف کو برطانیہ کا وزیر اعظم بنادیا جائے تو 5 سال میں برطانیہ کا دیوالیہ نکل جائے گا، تاہم کرپشن کو نہ قوم بھولی ہے نہ عمران خان انہیں بھولنے دے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’اگر وزیر اعظم نواز شریف نے محرم الحرام تک خود کو پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے پیش نہیں کیا تو انہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے، محرم کے بعد تاریخ کا اعلان کروں گا جس کے بعد اسلام آباد کو بند کردیں گے۔

پاک ۔ بھارت تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں جنگ نہیں امن پر یقین رکھتا ہوں، برصغیر کو جنگ نہیں امن کی ضرورت ہے، فوج کبھی مسائل کا حل نہیں ہوتی جبکہ ایٹمی طاقت رکھنے والے ملکوں کو جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بھارت میں چھوٹا سا دھماکا ہو تو بغیر تفتیش کیے پاکستان پر الزام لگا دیا جاتا ہے، اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے سے بڑا جھوٹ کیا ہوسکتا ہے؟ کشمیر میں پاکستان کی مداخلت کا کہنا غلط ہے، 26 سال سے کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں اور 80 ہزار کے قریب کشمیری جاں بحق ہوچکے ہیں۔‘

چیئرمین تحریک انصاف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرکے کہا کہ ’نریندر مودی تم نے پاکستان اور اپنے ملک کے عوام کو مایوس کیا، تم نے دنیا بھر میں ثابت کیا کہ تم لیڈر نہیں بلکہ تعصب پسند ہو، مجھے تمھاری سوچ پر افسوس ہے لیکن سن لو، ہر پاکستانی نواز شریف نہیں ہے، کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کے دل ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان قوم ایک ہے۔‘

قبل ازیں رائے ونڈ کے قریب اڈا پلاٹ پر پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے میدان سجایا گیا، کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے جلسے میں آنے والے قافلوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

About Daily City Press

Check Also

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *