معاہدے کے تحت، یو ایس ایڈ 15 سال تک ان بینکوں کے ذریعے صاف توانائی کے منصوبوں کے لئے حاصل کیے جانے والے قرض پر 50 فیصد گارنٹی فراہم کرے گا
ملک میں توانائی کے منصوبوں کےفروغ کے لیے، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور پاکستان کے پانچ بڑے بینکوں نے جمعے کو ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی اس تقریب میں کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نےبھی شرکت کی۔امریکی قونصل خانے نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ جن پاکستانی بینکوں نے معاہدے پر دستخط کیے ان میں حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، فیصل بینک، میزان بینک اور جے ایس بینک شامل ہیںمعاہدے کے تحت یو ایس ایڈ 15 سال تک ان بینکوں کے ذریعے صاف توانائی کے منصوبوں کے لئےحاصل کیے جانے والے قرض پر 50 فیصد گارنٹی فراہم کرے گا۔معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے پاکستان و افغانستان کے لئے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر، ولیم ہیمنک کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت پاکستان کے چند بڑے بینکوں کے ساتھ اشتراک اور ان کے ذریعے پاکستان میں صاف توانائی کے منصوبوں کی ترویج پر انتہائی مطمئن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت صاف توانائی کے چھوٹے منصوبوں کے لئے آٹھ کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے مساوی طویل مدتی پاکستانی سرمایہ فراہم کیا جائےگا۔پاکستان اور امریکا کے درمیان پاک امریکا اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی کے منصوبوں کے لئے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔اکتوبر سنہ 2015میں وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر براک اوباما کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیےگئے اعلان کے تحت پاکستان کو توانائی کی پیداوار، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن، مینجمنٹ، آمدنی میں اضافےاور پالیسی اصلاحات کے لئے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔