امریکہ کے دو مختلف شہروں میں دھماکوں سے کم ازکم 29 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ہفتہ کو دیر گئے نیویارک کے علاقے چیلسی میں ایک زور دار دھماکا ہوا جس کی زد میں آکر 29 افراد زخمی ہوئے۔
نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صحافیوں کو بتایا کہ “فی الوقت اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق معلوم نہیں ہوتا ہے”، لیکن ان کے بقول حکام کا ماننا ہے کہ یہ دھماکا “دانستہ کارروائی” تھی۔
انھوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوع کے قریب واقع بس اور سب وے اسٹیشن پر گاڑیوں کی آمدورفت رک گئی اور یہاں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
امدادی کارکنان اور پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے لیکن پولیس یہاں رکھے تمام کوڑے دانوں اور کھڑی گاڑیوں کے نیچے تلاشی کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
دھماکے کی جگہ کے قریب ہی موجود وائس آف امریکہ کے ایک رپورٹر کے مطابق یہ ایک ہی زور دار دھماکا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوع کے قریب واقع عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہیں۔
پولیس نے قریب ہی واقع دو اہم راستوں اسکتھ ایونیو اور سیونتھ ایونیو کو بند کر دیا ہے۔
اس واقعے سے قبل ہفتہ کو ہی نیو جرسی میں ایک پائپ بم دھماکا ہوا جس سے کوئی زخمی تو نہیں ہوا لیکن یہاں فلاحی ادارے کی طرف سے منعقدہ دوڑ کو منسوخ کر دیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرنا تھی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے “ایف بی آئی” اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے لیکن حکام نے تاحال یہ نہیں کہا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انھیں یہاں سے تین پائپ بم ملے ہیں اور بظاہر ایک بم ہی دھماکے سے پھٹا ہے۔