وزیر اعظم محمد نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر
کرنے کے لئے (آج) اقوام متحدہ کےلئے روانہ ہوں گے
وزیراعظم 19 ستمبر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، دفتر خارجہ
وزیراعظم محمد نواز شریف بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا اپنا وعدہ پورا کریں
اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (سٹی پریس) وزیر اعظم محمد نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے (آج) ہفتہ کو اقوام متحدہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف 19 ستمبر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارتی مظالم کو اجاگر کریں گے۔ وہ 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امن و سلامتی اور ترقی سے لے کر اہم بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے موقف‘ کردار اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت کے وژن اور ترجیحات کو اجاگر کریں گے۔ جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں حکومتی اور ریاستی سربراہان کثیر تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال‘ بھارتی مظالم کو اجاگر‘ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری اور اس پر عمل درآمد کا مطالبہ کریں گے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم 19 ستمبر کو مہاجرین اور تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کے مسئلہ کے حوالے سے جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس اور 20 ستمبر کو مہاجرین سے متعلق باراک اوبامہ کے بلائے گئے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان مہاجرین کے حوالے سے دی گئی بے پناہ قربانیوں اور تعاون کو اجاگر کرے گا اور عالمی برادری سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ باعزت واپسی پر زور دے گا۔ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اقوم متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سمیت کئی عالمی رہنماﺅں کے علاوہ کاروباری رہنماﺅں اور میڈیا کے منتخب ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ سیشن کے دوران او آئی سی، جی۔77، ایکو، سارک، دولت مشترکہ، ڈی ایٹ سمیت کئی علاقائی اور ذیلی علاقائی تنظیموں کے وزارتی سطح کے اجلاس بھی ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہو گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے کثیر الجہتی چیلنجوں پر قابو پانے کی غرض سے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ پاکستان اپنے قومی مفادات کو تحفظ اور فروغ دیتے ہوئے اہم معاملات جیسے مسئلہ کشمیر، سلامتی کونسل کی اصلاحات، انسداد دہشت گردی، انسانی حقوق، قیام امن اور دیگر امور میں اقوم متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔