Breaking News
Home / Pakistan / وزیراعظم کی ہدایات ،ملک کے مختلف اضلاع میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے اراضی مختص انتظامیہ کو خطوط

وزیراعظم کی ہدایات ،ملک کے مختلف اضلاع میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے اراضی مختص انتظامیہ کو خطوط

pm
وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف اضلاع میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے اراضی مختص کرنے کےلئے چیف سیکرٹریز اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو خطوط لکھ دئیے
یہ تمام 46 ہسپتال جدید سہولیات سے لیس اور مکمل طور پر وفاق کے فنڈزسے تعمیر ہوں گے
اسلام آباد ۔ 10 ستمبر ،وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر وفاقی حکومت نے ملک کے مختلف اضلاع میں 46 ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے اراضی مختص کرنے کے سلسلہ میں چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو خطوط لکھے ہیں۔یہ تمام 46 ہسپتال مکمل طور پر وفاقی فنڈڈ ہسپتال ہوں گے جو جدید سہولیات سے لیس ہوں گے اور بین الاقوامی کنسلٹنٹنس ان کا ڈیزائن تیار کریں گے، پنجاب میں 500 بستروں کے ہسپتالوں کیلئے مجوزہ شہروں میں راجن پور، جھنگ، بھکر، صادق آباد اور راولپنڈی شامل ہیں جبکہ 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال بوریوالہ، احمد پور شرقیہ، کوٹ ادو، تونسہ، ساہیوال (سرگودھا)، قصور اور لیہ میں تعمیر کئے جائیں گے۔سندھ کے اضلاع میں 500 بستروں کے ہسپتال جیکب آباد، میر پور خاص اور بدین میں تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 250 بستروں کے ہسپتال اسلام کوٹ، نوشہرو فیروز اور مہر میں تعمیر کئے جائیں گے۔خیبرپختونخوا میں ہری پور اور چارسدہ میں 500 بستروں کے ہسپتال کیلئے اراضی مختص کی جائے گی، بٹ گرام، ہنگو، فاٹا اور چترال میں 250 بستروں کے ہسپتال تعمیر ہوں گے جبکہ گڑھی حبیب اللہ اور کاغان میں 100 بستروں کے ہسپتال تعمیر ہوں گے، بلوچستان میں 100 بستروں کے ہسپتال حب، نوشکی، چمن اور پنجگور میں تعمیر ہوں گے، خضدار، لورا لائی اور سبی میں 250 بستروں کے ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے، کوئٹہ میں 500 بستروں کے ہسپتال کیلئے اراضی مختص کی جائے گی، سکردو اور گلگت میں 250 بستروں کے ہسپتال تعمیر ہوں گے، کریم آباد (ہنزہ) میں 100 بستروں کا ہسپتال اور گلگت بلتستان گانچھے میں 50 بستروں کا ہسپتال تعمیر ہوگا، مظفر آباد میں 250 بستروں کا ہسپتال تعمیر ہوگا، راولا کوٹ، کوٹلی اور اٹھمقام میں سو سو بستروں کے ہسپتال تعمیر ہوں گے۔ لیپہ میں 50 بستروں کے ہسپتال کیلئے اراضی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تین ہسپتالوں کیلئے اراضی فراہم کی جائے گی۔ ان ہسپتالوں کی تعمیر کے بعد ملک میں سسٹم میں تقریبا 13400بستروں کا اضافہ ہوگا۔بہترین مینجمنٹ ماڈل کے ساتھ یہ ہسپتال چلائے جائیں گے جو بہترین سروس فراہم کریں گے اور حکومتی کنٹرول کم از کم ہوگا۔ ملک بھر میں مجوزہ ہسپتالوں میں اضلاع کا انتخاب صوبوں میں غربت کے انڈیکس اور انفراسٹرکچر کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں تین ہسپتالوں کی تعمیر سے فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال، پولی کلینک اور پمز (شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی) میں مریضوں کا بوجھ کم ہوگا اور وفاقی دارالحکومت کے اطراف کے علاقوں کے لوگوں کو بھی آسان رسائی ہوگی۔ تینوں ہسپتال کے پی کے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کی ضروریات بھی پوری کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے موجودہ حکومت کی میعاد ختم ہونے سے قبل ان 46 ہسپتالوں کی تعمیر کی ہدایت کی ہے تاکہ ملک بھر میں سوشل کوریڈور کے خواب کی تکمیل ہوسکے۔ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی سے وزیراعظم کے وژن کی تکمیل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم ملک میں غربت اور بیماری کے خاتمہ کیلئے بیک وقت کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور بیماری کسی بھی گھرانہ کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

About Daily City Press

Check Also

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں :سفیر ثقلین سیدہ

حکومت اور سفارت خانہ دونوں ہی” پاکستان” کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *